ہم زیتون کے تیل کو کئی قسم کے کھانے بنانے میں استعمال کرتے ہیں اور اس کی وزن کو کم کرنے کی خصوصیات کی وجہ سے اسے سلاد میں بھی شامل کر کے اپنی ڈائٹ کا حصہ بناتے ہیں۔ لیکن کیا آپ نے کبھی یہ سوچا ہے کہ جتنا یہ تیل آپ کے کھانوں میں استعمال کے لئے مفید ہے اتنا ہی زیادہ آپ کے جسمانی اعضاء کے لئے بھی اس کا استعمال فائدہ مند ہے۔
خوبصورتی میں اضافے کے لئے زیتون کے تیل کا استعمال اس طرح کریں۔
• ہاتھ اور پاؤں کی حفاظت:
آپ کے ہاتھوں اور پیروں کی حفاظت کے لئے زیتون کے تیل کا استعمال بہت انتہائی ضروری ہے، اگر آپ کے ناخن بے رونق ہیں اور چمکدار نہیں ہیں یا پھر آپ کی ایڑیاں پھٹ گئی ہیں تو بس زیتون کے تیل سے ان تمام مسائل کا آسان حل موجود ہے۔ بس رات کو سوتے وقت اس تیل سے اچھی طرح پاؤں اور ہاتھ کی مالش کریں اور ناخنوں کا بھی مساج کریں پھر دیکھیے گا اس کا کمال۔
• بالوں کی حفاظت:
کیا آپ کے دو منہ والے بال ہو گئے ہیں یا پھر یہ روکھے اور بےجان ہو رہے ہیں تو بس پھر پریشان نہ ہوں صرف زیتون کے تیل کا باقاعدگی سے استعمال کریں یہی اس مسئلے کے حل کے لئے کافی ہے، رات سوتے وقت زیتون کا تیل لگائیں صبح اُٹھ کر بال دھو لیں، یا پھر اپنے کنڈیشنر اور شیمپو میں چند قطرے زیتون کا تیل شامل کر لیں بس پھر بھول جائیں اپنے بالوں کا ہر مسئلہ۔
• چہرے کی حفاظت:
اگر آپ کے چہرے پر دانوں کے داغ ہیں یا پھر آپ کے چہرے کے مسام کھل گئے ہیں اور گالوں پر گڑھے بہت واضح نظر آتے ہیں تو اس کے لئے زیتون کے تیل کے چند قطروں کو چینی میں ملا کر اس کو چہرے پر ملیں اور اچھی طرح سے مساج کریں پھر دیکھیں کیسے آپ کے چہرے پر زیتون کے تیل کا فائدہ نظر آئے گا۔
• ہونٹوں کی حفاظت:
ہونٹ کالے ہیں یا پھر خشک اور اس وجہ سے پھٹنے بھی لگے ہیں تو ایک ڈبیا میں تھوڑا زیتون کا تیل ڈال کر اس میں چند قطرے لیموں کا رس ملا لیں اور اس کو بار بار ہونٹوں پر استعمال کریں، آپ کے ہونٹ نرم و ملائم اور گلابی ہو جائیں گے۔