سبزیوں میں سے ایک سبزی”کدو“ بھی ہے۔ جو لذت کے ساتھ ساتھ اپنے اندر بے پناہ طبی خواص رکھتا ہے۔ کدو جسم کے درجہ حرارت کو معتدل رکھتا ہے اور بخار میں بھی یہ مفید ہے۔ اس کے علاوہ بادی پن اور بلغم کی شکایت سے دوچار مریض اگر کدو کے ساتھ بڑی الائچی اور سیاہ زیرہ ملا کر استعمال کریں تو انہیں ان شکایات سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔
اس کے علاوہ گرمیوں کے موسم میں کدو کھانے سے پیاس کی شدت میں کمی واقع ہوتی ہے۔ معدہ کی تیزابیت دور ہوتی ہے اور دل و دماغ کو قوت ملتی ہے ۔ہلکی آنچ پر پکایا ہوا کدو کا سالن ایک قدرتی ٹانک ہے اس میں نہ صرف فولاد بلکہ پوٹاشیم، کیلشیم، وٹامن اے اور بی بھی پائے جاتے ہیں۔
اس میں بہت سے معدنی اور روغنی نمکیات بھی مناسب مقدار میں موجود ہوتے ہیں جو کہ جسم کو توانائی فراہم کرتے ہیں۔ مشقت اور محنت کرنے والے افراد کے لیے کدو اور چنے کی دال کا پکوان بہترین اور قوت بخش غدا کی حیثیت رکھتا ہے۔
بچھو کا ڈنک:
گھر میں کسی کو بچھو ڈنک مار دے اور فوری طور پر ڈاکٹر تک پہنچنے میں دشواری ہو تو آپ کدو سے مریض کو فوری طبی امداد دے سکتے ہیں۔ ڈنگ والی جگہ پر کدو کے گودے کا اچھی طرح لیپ کر دیں اور ساتھ ہی اسے کدو کا پانی بھی پلائیں، زہر کا اثر ختم ہو جائے گا۔
سر کی خشکی:
روز مرہ زندگی میں خواتین اور مردوں کو سر کی خشکی کا سامنا رہتا ہے۔ جس کے علاج کی خاطر وہ طرح طرح کے شیمپو بھی استعمال کرتے ہیں۔ اگر آپ کو بھی یہی مسئلہ ہے تو بازار سے روغن کدو لیں اور اس سے سر کی اچھی طرح سے مالش کریں۔ اس کے علاوہ آپ دودھ میں روغن کدو کا ایک چمچ ڈال کر استعمال کریں اس سے نہ صرف خشکی کا خاتمہ ہوگا بلکہ یہ دل کی دھڑکن کو بھی معمول پر رکھنے کے لیے انتہائی مفید ہے۔
دانت کا درد:
دانت اگر درد کرنا شروع کر دیں تو پھر کہیں چین نہیں ملتا اور مریض اس سے نجات کے لیے طرح طرح کے ٹوٹکے آزماتا رہتا ہے۔ اگر آپ بھی اسی صورت حال سے دوچار ہیں تو کدو کا گودا پانچ تولے اور لہسن ایک تولہ لے کر دونوں کو ایک سیر پانی میں ڈال کر خوب اچھی طرح سے پکائیں جب گودا آدھا جل جائے تو اسی نیم گرم پانی سے کلیاں کریں۔ انشاءاللہ درد میں افاقہ ہوگا۔
مکھیوں سے بچاﺅ:
کسی چیز کو اگر مکھیوں سے محفوظ رکھنا ہو تو اس پر کدو کی بیل کے پتے رکھ دیں۔ مکھیاں اس پر نہیں بیٹھیں گی ۔اگر شیرخوار بچوں پر دن کے وقت کدو کے پتے رکھ دیئے جائیں تو بچے بھی مکھیوں سے محفوظ رہیں گے۔
یرقان:
ایک عدو کدو لے کر اسے ہلکی آنچ میں جلا کر بھرتا بنا لیں اور اس کا پانی نچوڑ کر اس میں تھوڑی سی چینی ملا کر پی لیں۔ یرقان کے لیے انتہائی مفید ہے۔