کشمش کو تو آپ نے دیکھا ہی ہوگا جس کو انگور خشک کرکے بنایا جاتا ہے اور اس کی رنگت سبز، سیاہ یا گولڈن ہو سکتی ہے ۔ یہ مزیدار میوہ عام استعمال کیا جاتا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر اس کا روز استعمال کیا جائے تو آپ کیا فائدہ حاصل کرسکتے ہیں؟
قبض سے نجات:
فائبر سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں ٹاٹارک ایسڈ بھی موجود ہوتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق آدھا اونس کشمش روزانہ استعمال کرنے والے افراد کا نظام ہاضمہ دوسرے افراد کی نسبت دوگنا تیزی سے کام کرتا ہے ۔
خون کی کمی دور کرے:
کشمش آئرن سے بھرپور میوہ ہے جو کہ خون کی کمی کو دور کرنے کے لیے اہم ترین جز سمجھا جاتا ہے ، کشمش کو آسانی سے دہی، دلیہ یا کسی بھی میٹھی چیز میں شامل کرکے کھایا جاسکتا ہے بلکہ اس کو ویسے کھانا بھی منہ کا ذائقہ بہتر کرتا ہے ۔
بخار سے تحفظ دے :
کشمش میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس بیکٹیریا اور وائرل سے ہونے والے انفیکشن کے نتیجے میں بخارکے عارضے کا علاج فراہم کرتا ہے ۔
معدے کی تیزابیت ختم کرے:
کشمش میں میگنیشیئم اور پوٹاشیم ہوتا ہے جو کہ معدے کی تیزابیت میں کمی لاتے ہیں ۔
آنکھوں کی صحت بہتر کرے:
کشمش میں موجود اجزاء آنکھوں کو ریڈیکلز سے ہونے والے نقصان سے تحفظ دیتے ہیں جبکہ عمر بڑھنے کے ساتھ موتیا، پٹھوں کی کمزوری اور بینائی کی کمزوری سے تحفظ ملتا ہے ۔ کشمش میں موجود بیٹاکیروٹین ، وٹامن اے بھی بینائی کو بہتر بنانے میں مدددیتے ہیں ۔
جسمانی توانائی بڑھائے:
قدرتی چینی اور کاربوہائیڈریٹس کی بدولت یہ میوہ جسمانی توانائی کا بھی اچھا ذریعہ ہے ، کشمش کا استعمال وٹامنز، پروٹین اور دیگر غذائی اجزاء کو جسم میں جذب ہونے میں مدد دیتا ہے ۔
بے خوابی سے نجات دلائے : کشمش میں موجود آئرن بے خوابی یا نیند نہ آنے کے عارضے سے نجات دلانے میں مددگار ہے جبکہ اس سے نیند کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے۔
ہڈیوں کو مضبوط بنائے:
کشمش میں موجود کیلشیم ہڈیوں کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے جو کہ ہڈیوں کی مضبوطی برقرار رکھنے میں مددگار ہے ۔