ایک بادشاہ نے خواب دیکھاکہ اس کے سارے دانت ٹوٹ کر گر پڑے ہیں۔ بادشاہ نے خوابوں کی تعبیر بتانے والے ایک شخص کو بلوایا اور اسے اپنا خواب سنایا۔ تعبیر بتانے والے نے خواب سنا اور بادشاہ سے پوچھا: بادشاہ سلامت! کیا آپ کو یقین ہے کہ آپ نے یہی خواب دیکھا ہے؟
بادشاہ نے اس کو جواب دیا: ہاں میں نے ایسا ہی خواب دیکھا ہے۔
تعبیر بتانے والے نے لاحول ولا قوۃ الا باللہ پڑھا اور بادشاہ سے کہنے لگا: بادشاہ سلامت! اس کی تعبیر تو یہ بنتی ہے کہ آپ کے سارے گھر والے آپ کے سامنے ہی مریں گے۔
بادشاہ کا چہرہ غصے کی شدت سے سرخ ہوگیا۔ دربانوں کو حکم دیا کے اس کو فی الفور جیل میں ڈال دیا جائے اور کسی دوسرے تعبیر بتانے والے کا بندوبست کیا جائے۔
دوسرے نے آکر بادشاہ کا خواب سنا اور کچھ ویسا ہی جواب اس نے بھی دیا اور بادشاہ نے اس کو بھی جیل میں ڈلوا دیا۔
بادشاہ نے تیسرے تعبیر بتانے والے کو بلوایا۔ بادشاہ نے اسے اپنا خواب سنا کر اس سے تعبیر جاننا چاہی۔ اس نے بھی بادشاہ سے پوچھا: بادشاہ سلامت! کیا آپ کو اس بات کا یقین ہےکہ آپ نے یہی خواب دیکھا ہے؟
بادشاہ نے کہا: ہاں مجھے یقین ہے میں نے ایسا ہی خواب دیکھا ہے۔
: اس نے کہا پھر تو آپ کو مبارک ہو۔
بادشاہ نے حیرت کے ساتھ اس سے پوچھا: کس بات کی مبارک ہو؟
اس نے بادشاہ کو جواب دیا: بادشاہ سلامت! اس خواب کی تعبیر یہ بنتی ہے کے آپ اپنے گھر والوں میں سب سے زیادہ لمبی عمر پائیں گے۔
بادشاہ نے حیرانی کے ساتھ اس سے پوچھا: کیا تمہیں یقین ہے کہ اس خواب کی یہی تعبیر بنتی ہے؟
اس نے جواب دیا: جی بادشاہ سلامت! اس خواب کی بالکل یہی تعبیر بنتی ہے۔ بادشاہ نے اس کی تعبیر سے خوش ہو کر اس کو انعام و اکرام دے کر رخصت کیا۔