اَلرَزَّاقُ اللہ رب العزت کے اسماء الحسنٰی میں سے ایک اسم ہے ۔ اللہ تبارک و تعالیٰ کے اس اسم مبارک کا وظیفہ انتہائی مقبول اور مجرب ہے ۔ اس اسم مبارک کے وظیفہ کی برکت سے اللہ رب العزت اپنے بندوں پر رزق کے دروازے کھولتا ہے ۔ اس اسم مبارک کا وظیفہ برائے خلاصی قید اور وسعتِ رزق کے لیے انتہائی مجرب ہے ۔ :یَا رَزَّاقُ کا ورد کرنے کے بے انتہا فوائد و ثمرات ہیں ۔ جن میں سے چند مندرجہ ذیل ہیں ۔
اس وظیفہ کا معمول رکھنے والے کو اللہ تبارک و تعالیٰ وسعتِ رزق سے نوازتا ہےاور اس اسم کا ورد کرنے والا فقر و فاقہ سے محفوظ رہے گا۔ اللہ تبارک و تعالیٰ اس کے پڑھنے والے کو باطنی اور ظاہری بے شمار نعمتوں سے نوازتا ہے ۔ اس اسم مبارک کا ورد کرنے کی برکت سے قیدی کو قید سے خلاصی ملتی ہے اور مریض کو مرض سے شفا بھی نصیب ہوتی ہے ۔
جو شخص اس اسم مبارک کے ورد کو اپنا معمول بنا لے گا اور روزانہ 20 مرتبہ روزانہ بھوکے پیٹ اس اسم مبارک کو پڑھے گا تو اللہ تبارک و تعالیٰ اس کو ایسا ذہن عطا فرما دے گا جس سے اس کو چھپے ہوئے رازوں کا فہم عطا ہو جائے گا ۔
اگر کوئی شخص ایک ہزار (1000) مرتبہ خلوت میں پڑھے گا تو اللہ رب العزت اس کے رزق میں برکت عطا کرے گا ۔ اس وظیفے کے اوّل و آخر میں 11، 11 مرتبہ درود ابراہیمی یا کوئی سا بھی درود پڑھ کر اس کا ورد سو (100) مرتبہ روزانہ کریں۔
اس وظیفہ کو آپ حسب توفیق 11 دن ؛ 21 دن ؛ 40 دن ؛ یا عمر بھر بھی جاری رکھ سکتے ہیں ۔اس کے علاوہ استغفار کی کثرت، نمازوں کی پابندی ، اور تلاوت و ذکر کے اہتمام کے ساتھ اپنی وسعت کے مطابق صدقہ دینا بھی لازمی ہے ۔ جو شخص صبح کے وقت ستر مرتبہ پابندی کے ساتھ یہ آیت پڑھا کرے گا وہ رزق کی ہر قسم کی تنگی سے محفوظ رہے گا ۔ یہ انتہائی مجرب اور مقبول عمل ہے آیت مبارکہ یہ ہے: اللہ لطِيف بِعِبادِهِ يَرزُقُ مَن يشاء وَهوَ القوی العزیز( الشوری: ۱۹)