سورۃ مزمل بہت ہی بابرکت، متبرک اور افادیت کی حامل سورۃ ہے۔ اس سورۃ کے متعلق ارشاد نبویؐ ہے، جس کا مفہوم کچھ یوں ہے کہ “اس سورۃ کو روزانہ ایک مقررہ وقت میں پڑھنے والا کبھی بھی اور کسی بھی حالت میں کسی کا محتاج نہیں ہوسکتا۔ اس سورت کو پڑھنے والا سب کی نظروں میں ہر دلعزیز اور پیارا ہو گا۔ لوگ اس کی پذیرائی کریں گے اور اسے عزت کی نگاہ سے دیکھیں گے۔
اس کا ہر مشکل کام احسن طریقے سے پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ اس سورۃ کو پڑھنے کا معمول بنانے والا کبھی بھی تنگ دست نہیں ہوگا۔ پریشانی اس شخص سے ہمیشہ دور دور رہے گی جو اس کی تلاوت کرے گا۔ کسی بھی مہلک اور پیچیدہ بیماری سے نجات کے لیے یہ سورۃ ہر طرح کی محافظ اور مددگار ہوتی ہے۔”
روزمرہ زندگی کے علاوہ اور بھی دیگر تمام دینی اور دنیاوی معاملات میں افادیت حاصل کرنے کے لئے یہ سورۃ اپنی مثال آپ ہے۔ اس سورۃ کی افادیت سے متعلق کسی بھی صورت کسی کو بھی کوئی انکار نہیں ہوسکتا اور اس سورۃ کے فوائد کا قائل ہر وہ شخص ہے جو کہ روزانہ ایک مقررہ وقت پر اس سورۃ کی تلاوت کرتا ہے اور اپنے جائز مقصد کے لئے اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی اور انکساری کے ساتھ دعا کرتا ہے، تو اللہ تعالیٰ اس سورۃ کی برکت اور اپنی کرم نوازی سے اس شخص کا جائزمقصد اور دلی تمنا پوری کردیتا ہے اور مقصد کے حل کے علاوہ بھی اللہ تعالیٰ اس شخص کو اپنی رحمت کے سایہ میں رکھتا ہے۔
زندگی کے تمام جائز مقصد اور مشکلات کے حل کے لئے یہ سورۃ شافی علاج ہے اور اس سورۃ کی تلاوت سے ہر شخص گھر بیٹھے عمل کر کے اپنی زندگی خوش و خرم بنا سکتا ہے اور مشکلات سے نجات حاصل کر سکتا ہے۔