انار کے چھلکے کی چائے بھی بنتی ہے اور اس کے فائدے بھی بے شمار اور حیران کن ہیں کہ آئندہ آپ کو انار سے زیادہ اس کے چھلکے سے پیار ہو جائے گا۔ماہرین غذائیات کا کہنا ہے کہ انار کے چھلکوں میں متعدد اقسام کے غذائی اجزاء وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، جن کو حاصل کرنے کا بہترین طریقہ انار کی چائے ہے۔ اس کا آسان سا طریقہ یہ ہے کہ:
پہلے انار کے چھلکوں کو خشک کرلیں ۔ خشک ہونے کے بعد ان چھلکوں کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر لیں۔ آپ انہیں بلینڈ کر سکتے ہیں،پیس سکتے ہیں، یا کافی گرائینڈر میں ڈال کر بھی ان کا باریک سفوف بنا سکتے ہیں۔ اس سفوف کو آپ عام کافی پاؤڈر کی طرح بوتل میں ڈال کر فریج میں محفوظ بھی کر سکتے ہیں ۔ چائے بنانے کے لئے ایک کپ پانی میں ایک چمچ انار کے چھلکے کا پاؤڈر ڈال لیں اور اسے چند منٹ تک ابالیں اور پھر چھان لیں۔ آپ اس چائے میں شہد اور لیموں کا رس بھی شامل کر سکتے ہیں۔
اس کا جیسے ذائقہ منفرد ہوتا ہے ایسے ہی اس کے فوائد بھی ہیں ۔ یہ چائے آپ کے معدہ کو درست کرتی ہے لہٰذا بدہضمی اور قبض سے پریشان لوگوں کو اس کا استعمال ضرور کرنا چاہئیے۔ یہ دل کی بیماری کے واقع ہونے کے امکانات کو بہت کم کر دیتی ہے ، جلد کو ترو تازہ کرتی ہے، دوران خون کو بہتر کرتی ہے ، اور حتیٰ کہ کینسر جیسی موذی بیماری سے تحفظ میں بھی ہماری مدد گار ثابت ہوتی ہے۔