کھجور چند سب سے میٹھے پھلوں میں سے ایک پھل ہے اور اس کی متعدد اقسام ہیں، سب اقسام ہی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔
کھجور میں پوٹاشیم، کاپر، میگنیز ،فائبر، میگنیشم اور وٹامن بی سکس جیسے اجزا شامل ہوتے ہیں جو کہ متعدد طبی فوائد کا باعث بنتے ہیں۔
اچھی بات یہ ہے کہ کھجوروں کو پورا سال استعمال کیا جاسکتا ہے چاہے وہ تازہ پھل کی شکل میں ہو یا ڈرائی شکل میں۔
دونوں ہی صورتوں میں یہ پھل صحت کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔
یہاں طبی سائنس کے تسلیم شدہ وہ فوائد جانیں جو کھجور کھانے سے آپ کو حاصل ہوتے ہیں۔
قوت مدافعت کے لیے بہترین:
تحقیقی رپورٹس سے یہ ثابت ہوا ہے کہ کھجوروں سے مدافعتی نظام متحرک ہوتا ہے، جس کی وجہ اس میں موجود مختلف اجزا ہیں اس کے علاوہ کھجوروں میں فینولک مرکبات اور کیروٹینز کے ساتھ ساتھ وٹامنز کی بھی کافی مقدار ہوتی ہے جو مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
چینی کی اشتہا ختم ہونا:
چینی یا اس سے بنی اشیا میں کاربوہائیڈریٹس کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جس کے باعث ان کے استعمال سے بلڈ شوگر کی سطح بہت تیزی سے اوپر جاتی ہے اور پھر نیچے آتی ہے، جو طویل المعیاد بنیادوں پر جسمانی وزن میں اضافے، ذیابیطس اور دیگر مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اس کے مقابلے میں کھجوروں میں قدرتی مٹھاس زیادہ ہوتی ہے جو منہ میٹھا کرنے کی خواہش کی تسکین بھی کرتی ہے جبکہ یہ صحت کے لیے فائدہ مند بھی ہے۔
مضبوط ہڈیوں کی کنجی:
جب ہڈیوں کی صحت کی بات ہو تو سب سے پہلے جس چیز کا خیال آتا ہے وہ کیلشیئم ہے، کیلشیئم کو حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اسے جذب کرنا بھی بہت اہمیت رکھتا ہے۔
کیلشیئم اور فاسفورس ایسے 2 منرلز ہیں جو اکھٹے مل کر ہڈیوں کی صحت کو مخفوظ کرتے ہیں اور اکٹھے استعمال کرنے پر ان کے جذب ہونے کی شرح بڑھاتے ہیں۔
کھجوروں میں میگنیشیئم، کیلشیئم اور زنک کے ساتھ فاسفورس جیسے منرلز بھی موجود ہیں، جس سے ہڈیوں کی صحت کو بہتر بنانے اور ہڈیوں کے امراض کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔